راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کی بہار ریاستی اکائی کی جانب سے قومی ایگزیکٹو صدر منتخب ہونے کے بعد قائد حزبِ اختلاف شری تیجسوی پرساد یادو کے پہلی مرتبہ ریاستی دفتر پہنچنے پر پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں نے زبردست استقبال اور تہنیت پیش کی۔ اس موقع پر ہزاروں کی تعداد میں پارٹی کے کارکنان اور رہنما موجود تھے۔
تقریب کی صدارت صوبائی نائب صدر ڈاکٹر تنویر حسن نے کی، جبکہ نظامت صوبائی پرنسپل جنرل سیکریٹری شری رنجے وجے ساہو نے انجام دی۔ شکریہ کی تقریر قانون ساز کونسل کی رکن ڈاکٹر اُرمِلا ٹھاکر نے پیش کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قومی ایگزیکٹو صدر تیجسوی پرساد یادو نے کہا کہ وہ پارٹی کارکنان کے اعتماد، محبت اور تعاون پر شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لالو پرساد یادو کے نظریات کو تنظیم کے ذریعے بوتھ اور پنچایت سطح تک پہنچانا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قومی قیادت اور لالو جی کی جانب سے دی گئی ذمہ داری کو وہ پوری ایمانداری اور مضبوط عزم کے ساتھ نبھائیں گے۔
تیجسوی یادو نے کہا کہ انہوں نے لالو پرساد یادو کے قدموں میں سر جھکا کر آشیرواد لیا ہے اور اسی آشیرواد کے تحت پارٹی کو نہ صرف ریاستی بلکہ قومی سطح پر بھی مضبوط بنانے کا عہد کیا ہے۔ انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ وہ لالو جی کی طرح فرقہ پرست طاقتوں کے خلاف پوری قوت کے ساتھ جدوجہد اور تحریک جاری رکھیں گے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ بہار میں “عوام ہار گئے اور نظام جیت گیا” اور انتخابی عمل میں سرکاری مشینری، جھوٹے مقدمات اور دولت کے زور پر جمہوریت کو نقصان پہنچایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں خگڑیا اور شیخ پورہ سمیت کئی مقامات پر آر جے ڈی کے رہنماؤں اور کارکنوں کو خوف زدہ کرنے کی کوششیں کی گئی ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہیں کہ اپوزیشن کی آواز کو دبانے کی سازش کی جا رہی ہے۔
مرکزی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے تیجسوی یادو نے کہا کہ عوامی مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی جا رہی ہے، چھوٹے کاروباریوں کو پریشان کیا جا رہا ہے اور کسانوں کو ایم ایس پی نہیں مل رہی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم “ریل” کو ہی روزگار قرار دے رہے ہیں، جبکہ زمینی حقیقت کچھ اور ہے۔
وزیر اعلیٰ نتیش کمار پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ “نتیش کمار افسروں کے وزیر اعلیٰ ہیں، عوام کے نہیں”، اسی لیے ڈبل انجن حکومت میں ترقیاتی کام رکے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین، کسانوں، نوجوانوں، روزگار اور نوکریوں سے متعلق جن اسکیموں کا اعلان آر جے ڈی نے انتخابات سے قبل کیا تھا، موجودہ حکومت کو بالآخر انہیں نافذ کرنا ہی ہوگا۔
تیجسوی یادو نے اعلان کیا کہ 17 فروری 2026 کو جن نایک کرپوری ٹھاکر کی برسی کے موقع پر باپو سبھاگار میں ایک عظیم تقریب منعقد کی جائے گی۔
صوبائی ترجمان اعجاز احمد نے بتایا کہ تیجسوی یادو کی آمد سے قبل جھارکھنڈ سے آئے عالیہ بینڈ نے خیرمقدم کیا، جبکہ آر جے ڈی خواتین وِنگ کی جانب سے روایتی انداز میں گلاب کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ اس موقع پر ممبئی کے معروف گلوکار ونود گوار نے اپنی گائیکی سے سماں باندھ دیا۔
آر جے ڈی دفتر کو دلہن کی طرح سجایا گیا تھا اور کارکنوں کے لیے کھانے پینے کا خصوصی انتظام کیا گیا تھا۔ پارٹی کی جانب سے تیجسوی یادو کو مکھانا کی مالا، شال، گلدستے اور تحائف پیش کیے گئے۔ اس موقع پر پارٹی کے سینئر رہنماؤں اور سیکڑوں کارکنوں نے شال، گلدستے، مالائیں اور یادگاری تحائف پیش کر کے قومی ایگزیکٹو صدر کا شاندار استقبال کیا۔
تقریب کے اختتام پر تمام موجود کارکنان اور رہنماؤں نے ہاتھ اٹھا کر تیجسوی یادو کے ساتھ جدوجہد اور تحریک میں مکمل تعاون اور اعتماد کا اظہار کیا۔
